نئی دہلی،8؍اکتوبر (ایس و نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )وزارت ریلوے نے وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کے متعلق مہم کو ان کے اعلی افسران سے دفتر اور گھرپر لاگو کرنے کے لئے کہا ہے۔وزارت نے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے 36 سال پرانے ایک پروٹوکول کو ختم کر دیا ہے جس میں اعلی افسران کے لئے لازمی تھا کہ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور بورڈ کے دیگر ارکان کی علاقائی دوروں کے دوران ان کی آمد اور روانگی کے وقت موجود رہیں۔وزارت نے وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کے لئے ریلوے بورڈ کی 1981 کے ایک سرکلر میں جاری ہدایات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں اس طرح کا پروٹوکول تھا۔وزارت نے 28 ستمبر کو ایک حکم میں کہا کہ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور بورڈ کے دیگر ارکان کے دوروں کے دوران ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر اپنائے جانے والے پروٹوکول کے سلسلے میں ریلوے کے جاری ہدایات اور رہنما خطوط کے اطلاق کو واپس لیا جاتا ہے ۔ریلوے بورڈ کے چیئرمین اشونی لوہانی نے کہا کہ کسی افسر کو اب کبھی بھی گلدستے اور تحفہ پیش نہیں کئے جائیں گے۔ریلوے کے اعلی افسران کو صرف دفتر میں ہی نہیں بلکہ گھر میں بھی اس طرح کی پابندی پر عمل کرنا ضروری ہوگا ۔ تمام اعلی حکام کو ان کے گھروں میں گھریلو ملازم کی طرح خدمات بجا لانے والے ریلوے کے تمام عملہ کو اپنی خدمات کی انجام دہی سے علیحدہ کرنا ہوگا۔حکام نے کہا کہ اعلی افسران کے گھروں پر قریب 30 ہزار ٹریک مین کام کرتے ہیں۔ انہیں اپنی ڈیوٹی پر لوٹنے کو کہا گیا ہے۔ وزارت کے ذرائع نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں تقریبا چھ سے سات ہزارعملہ اپنی ڈیوٹی پر لوٹے ہیں ۔ وزارت کے ایک سینئر افسر نے کہاکسی کو کام پر واپس کرنے کے ہدایات سے چھوٹ نہیں دی جائے گی،تاہم اہم حالات میں یہ رعایت دی جائے گی۔ ہم توقع کر تے ہیں کہ تمام اہلکار جلد کام پر واپس آئیں گے۔ ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے اعلی حکام سے vip زمرے میں سفر ترک کرکے سلیپر اور اے سی تھری۔ٹائیر زمرے میں دیگر مسافروں کے ساتھ سفر کرنے کو کہا ہے۔ان سینئر افسران میں ریلوے بورڈ کے رکن، ریلوے زون کے جنرل مینیجر اورجملہ 50 چیمبرز کے ریلوے منیجر شامل ہیں ۔